۲۹ شهریور ۱۴۰۳ |۱۵ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 19, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے رحیم یار خان کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں سولہ سے زائد پولیس اہلکاروں کی شہادت کو المناک سانحہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رحیم یارخان کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں سولہ سے زائد پولیس اہلکاروں کی شہادت کو المناک سانحہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے اس واقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: پنجاب اور سندھ حکومت سیاسی حریفوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی جانب توجہ دیتی تو آج اتنا بڑا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ایک محدود سے علاقے میں مٹھی بھر جرائم پیشہ افراد آئے دن بے گناہ انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں۔ ڈکیٹ گروہوں کا ایک ایٹمی ریاست کے عوام کو اس طرح یرغمال بنانا عالمی سطح پر بدنامی کا بھی باعث ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا: ریاستی ادارے ان عناصر کو نکیل ڈالنے کی بجائے ان نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ کو فرض منصبی سمجھتے ہیں جو ارض پاک کو خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں اور قانون و آئین کی بالادستی کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں،اگر ملک کی خارجہ و داخلہ پالیسی پاکستان کے مفادات کے تابع ہو تو ہمارے نوجوان محفوظ رہیں گے اور ایسے المناک سانحات کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا: پولیس نوجوانوں کے قتل میں ملوث ان ڈاکووں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور علاقے سے جرائم پیشہ افراد کا صفایا کیا جائے۔ غمزدہ خاندانوں کی خدمت میں تعزیت کے ساتھ ان کے صبر کے لیے دعاگو ہوں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .